بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) کابینہ کی از سرنوتشکیل کے سبب کئی وزراء اور اراکین اسمبلی دہلی میں لابی چلانے میں مصروف ہیں۔ ایسے میں مرکزاقتدار ودھان سودھا سنسان نظر آنے لگاہے، کابینہ کی از سرنو تشکیل سے متعلق منظوری حاصل کرنے کیلئے کل وزیراعلیٰ سدرامیا دہلی روانہ ہوئے تھے، جن کے ہمراہ وزیر داخلہ و کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کے علاوہ وزراء کا گروپ بھی روانہ ہوگیا۔ 30 سے زائد اراکین اسمبلی بھی دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ کرناٹک کی سیاسی سرگرمیاں ایک طرح سے دہلی منتقل ہوگئی ہیں ، جس کے سبب مرکز اقتدار ودھان سودھا میں سنناٹا چھایا ہوا ہے۔ عوام کی آمد بھی کم دیکھی گئی ہے۔ جبکہ وکاس سودھا میں وزیر حج ، اطلاعات ورابطۂ عامہ اور انفرااسٹرکچر آر روشن بیگ کے علاوہ وزیر برائے کنڑا وکلچر اوما شری موجود رہے اور اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق افسران کے اجلاس منعقد کئے ۔